عمران پراجیکٹ مہنگائی عدم استحکام کی وجہ ملک دیوالیہ کی طرف دھکیلا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ملک کو پراجیکٹ عمران سے پاک کرنا ہے، ملک کو سب سے بڑے فارن ایجنٹ فتنے اور مافیا سے نجات دلائی، ہمیشہ ملک اور معیشت کو مشکلات سے نکالا ہے، عمران پراجیکٹ نے ملک کو معاشی دیوالیہ کی طرف دھکیلا، آج ملک میں مہنگائی، معاشی تباہی اور سیاسی عدم استحکام عمران پراجیکٹ کی وجہ سے ہے۔ جمعہ کو عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 2018 میں ملک کو تاریخی معاشی استحکام اور عوام کو سستی روٹی، چینی، آٹا، بجلی، گیس، پٹرول، نوجوانوں کو روزگار، ملک کو ترقی، سی پیک، 14000 میگاواٹ بجلی اور دہشت گردی سے پاک پاکستان دے کر گئی تھی۔ مسلم لیگ (ن) ملک کو تاریخی 6.2 فیصد ترقی اور آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کر کے دے کر گئی تھی۔ چار سال میں عمران پراجیکٹ نے ملک کا معاشی دیوالیہ کیا۔ نوجوان کو بے روزگار کیا، ملک کو دہشت گردی دی اور ترقی روک دی۔ چار سال عوام کو غربت، مہنگائی کی چکی میں پیسا۔ آٹا، چینی، دالیں اور تیل مہنگا کیا‘ روٹی مہنگی عمران پراجیکٹ کی وجہ سے ہے۔ آج سخت شرائط والا آئی ایم ایف کا پروگرام عمران پراجیکٹ کا عوام کو دیا تحفہ ہے۔ ملک کے خارجہ تعلقات کو تباہ کر کے عالمی سطح پر تنہا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں مہنگی بجلی اور گیس عمران پراجیکٹ کی وجہ سے ہے۔ چار سال تباہی مچا کر مہنگائی کا طوفان لا کر آج الیکشن، الیکشن کی رٹ لگا کر کیا ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پولیو کے مہلک مرض کے خاتمے کی جدوجہد مشکل ترین حالات میںجاری ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے پولیو ٹیم کے ایک رکن کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ شدید برفانی علاقے میں پولیو کے خاتمے کیلئے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ کہا کہ یہ ان ورکرز کا آنے والی نسل پر احسان ہے۔ مریم اورنگزیب نے سینئر صحافی اور کالم نگار ضمیر نفیس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مریم اورنگزیب