• news

پیپلز پارٹی الیکشن جیتی تو وزیر اعظم بن کر مخلوط حکومت بنائوں گا : بلاول


اسلام آباد‘ ڈیووس (خصوصی نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی الیکشن جیتی تو بطور وزیراعظم وہ مخلوط حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔ بلاول نے امریکی اخبار کو انٹرویو میں کہا کہ میری پارٹی الیکشن جیتی تو بطور وزیراعظم مخلوط حکومت بنانیکی کوشش کروں گا، دہشت گردی سے نمٹنے کا واحد راستہ جمہوریت ہے،  ہم وزیر اعظم  شہباز شریف سے صدر بائیڈن کے مزید روابط کی توقع رکھتے ہیں۔ بلاول نے کہا کہ افغانستان ایک حقیقت ہے، ہمیں عبوری افغان حکومت سے پہلے سے زیادہ روابط بڑھانیکی ضرورت ہے، دہشتگرد گروپوں سے متعلق پاکستان اور امریکا کے مفادات یکساں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے چیلنج پر فوی اور سیاسی قیادت واضح مو?قف رکھتی ہے، افسوس کہ عمران خان کی حکومت تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی طرف نرم گوشہ رکھتی تھی، عمران خان نے نہ صرف ٹی ٹی پی والوں کو رہا کیا بلکہ ان سے مذاکرات بھی کیے۔ بلاول نے کہا کہ اس بارے میں ہم واضح ہیں،کسی بھی دہشتگرد تنظیم سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ یقین ہے اگر عبوری افغان حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں تو اپنی سکیورٹی ممکن بنا پائیں گے، پاکستان اور افغانستان اکیلے دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرسکتے، پاکستان اور افغانستان کومل کر ایسا کرنا ہوگا، ہم دونوں دہشتگردی کا شکارہیں۔ بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پاکستان اور  بھارت کے عوام امن چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت کو غربت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ بھارتی گجرات میں فسادات سے متعلق سوال پر بلاول نے جواب دیا کہ ہمیں ماضی کے بجائے مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے۔ دریں اثناء ڈیووس میں سیکورٹی کوآرڈینیشن کے موضوع پر سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیو ورلڈ آرڈر کی وجہ سے ایشیائی ممالک بالخصوص ترقی پذیر ممالک مشکلات کا شکار ہیں جبکہ تیسری دنیا کی معیشت دباؤ کا شکار ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ  کوئی بھی ملک چیلنجز سے تنہا نہیں نمٹ سکتا۔ اسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون درکار ہوتا ہے۔ انہوں  نے کہا  نیو ورلڈ آرڈر کی وجہ سے ایشیائی ممالک بالخصوص ترقی پذیر ممالک مشکلات کا شکار ہیں، تیسری دنیا کی معیشت دباؤ کا شکار ہے۔ روس یوکرائن تنازع کی وجہ سے دنیا بھر میں گیس کی قیمتیں بڑھیں، روس یوکرائن جنگ کی وجہ سے انسانی المیہ نے جنم لیا، روس یوکرائن جنگ کے دنیا پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ وزیر خارجہ نے کہا روس یوکرائن جنگ کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے، پاکستان خود سے کسی جنگ کے حق میں نہیں ہے، پاکستان روس یوکرائن تنازع کے حل کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرائن معاملے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہوتا ہے لیکن افسوس ہے مغرب کے لیے کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں محض کاغذی رہ جاتی ہیں، کشمیری بھی آزادی کے لیے دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
بلاول

ای پیپر-دی نیشن