• news

ملک ڈیفالٹ کرے گا نہ کسی سیاسی ایڈونچر کی ضرورت: احسن اقبال

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت کسی سیاسی ایڈونچر کی ضرورت نہیں، نہ پاکستان ڈیفالٹ کرے گا نہ کرنے دیں گے، ہم ملکی مفاد میں فیصلے کریں گے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت ملک معاشی بحران کی زد میں ہے،  ہمارے ملک کے اندر سے ایک جماعت مسلسل منفی پروپیگنڈا کررہی ہے، اس وقت ملک کی تمام قیادت کو معاشی چیلنجز کا سمجھداری سے مقابلہ کرنا چاہیے ، پاکستان کو اس وقت معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے زیادہ تعلیم یافتہ شہر ہے، کراچی نے اس جماعت کا کچومر نکال دیا، جس نے گزشتہ 4سال میں ملکی معیشت کا کچومر نکالا تھا۔ رہنما مسلم لیگ نے سابق وزیراعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف ہمارے قائد ہیں، ہر شخص کو سمجھ آگئی ہے۔ 2017ء میں نوازشریف کے خلاف جو سازش کی گئی تھی دراصل وہ سازش پاکستان کے مستقبل کے خلاف تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو ایک جھوٹے کیس میں نااہل کیا گیا، ہمیں یقین ہے اس ناانصافی کا ازالہ ہوگا، نوازشریف صاحب واپس آئیں گے اور اگلے الیکشن میں پارٹی کو لیڈ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن