روس کے ساتھ توانائی اور نقل و حمل کے معاہدے تعمیری اور مثبت ہیں: ایران
تہران (اے پی پی)ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے روس کے ساتھ توانائی اور نقل و حمل کے شعبوں میں طے پانے والے معاہدوں کو تعمیری اور مثبت قرار دیا ہے۔ ایرانی صدر نے یہ تبصرہ صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ایک فون کال میں کیا۔ چینی خبررساں ادارے نے ایرانی صدر کے دفتر کی ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوے کہاکہ ایرانی صدر نے یہ تبصرہ اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ایک فون کال میں کیا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ایرانی صدر نے مشترکہ دلچسپی کے علاقائی مسائل کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران ، ترکی، روس اور ایران کی پہل کے تحت جنوری 2017 میں شروع ہونے والے آستانہ امن عمل کے ذریعے شام کے مسائل کے حل کی حمایت کرتا ہے۔ دوسری جانب روسی صدر نے اپنی طرف سے توانائی اور نقل و حمل کے شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون کو بہتر بنانے کے لیے اپنے ملک کی تیاری اور آمادگی کا اظہار کیا۔روسی صدر نے شام کے مسائل کے حل کے لیے آستانہ عمل کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین مذاکرات کے لیے پرعزم ہیں۔