لاہور بار الیکشن میں بے ضابطگیاں ہوئیں‘ 4 فروری کو دوبارہ کرائے جائیں: پنجاب بار
لاہور (خبر نگار) پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے رواں سال ہونے والے لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں بے ضابطگی سمیت دیگر امور پر الیکشن کو غیر قانونی و غیر آئینی اور موجودہ کیبنٹ لاہور بار کو خود ساختہ قرار دے دیا۔ اس حوالے سے فیصلہ جاری کر دیا۔ پنجاب بار کونسل کے چیئرمین رانا سیف اللہ خان، ممبران راجہ ظفر اقبال، طاہر شبیر چودھری رانا طفیل احمد نون، فضل الرحمان اور کامران بشیر مغل پر مشتمل ایگزیکٹو کمیٹی نے لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات 4فروری کو لاہور ہائی کورٹ میں کرانے کا حکم دیا ہے۔ اپنے جاری فیصلے میں سابق چیئرمین الیکشن بورڈ عمران مسعود کی خدمات بطور چیئرمین الیکشن بورڈ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ لاہور بار ایسوسی ایشن کے 14جنوری کو ہونے والے انتخابات میں بے ضابطگی سمیت دیگر معاملات سامنے آئے ہیں اور غیر قانونی اقدامات کئے گئے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ فیصلے میں 16جنوری کو لاہور بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاؤس کے اجلاس کو بھی غیر قانونی قرار دیا ہے اور معاملہ کو ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ فیصلہ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ لاہور بار کے دوبارہ ہونے والے انتخابات میں نئے امیدوار کے لیے درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی۔