یوکرائن وار ہارے تو ایٹمی جنگ ہوسکتی ہے : امریکہ کا مزید 205 ارب ڈالر فوجی امداد کا اعلان
لندن (این این آئی+ آئی این پی) برطانوی وزیر دفاع نے اعلان کیا ہے ان کا ملک یوکرائن کو روس سے لڑنے میں مدد کے لیے اضافی 600 بریمسٹون میزائل بھیجے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بین والیس نے تاپا کے اسٹونین فوجی اڈے پر اپنے کئی یورپی ہم منصبوں کے ساتھ عطیہ دہندگان کی ملاقات کے بعد اس بات کی تصدیق کی کہ ان کا ملک یوکرائن کو روس کے خلاف جنگ میں فوجی مدد کے طور بریمسٹون میزائل فراہم کرے گا۔ امریکہ کی جانب سے بھی یوکرائن کیلئے ائیر ڈیفنس اور آرمرڈ وہیکلز کی صورت میں مزید 2.5ارب ڈالرز کی فوجی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ امریکی وزارت دفاع نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے یوکرائن کیلئے 90 سٹرائیکر آرمرڈ پرسنل کیریئرز اور 59 براڈلی فائٹنگ وہیکلز فراہم کی جائیں گی۔ روس کی جانب سے یوکرائن پر جاری حملوں کے بعد اس حالیہ امدادی پیکیج میں ہائی موبیلٹی آرٹیلری راکٹ سسٹم (HIMARS) کیلئے مزید بارود، 8 اوینجر ایئر ڈیفنس سسٹم، 10 ہزار آرٹلری رائونڈز اور 2 ہزار اینٹی آرمرڈ راکٹ فراہم کیے جائیں گے۔ دریں اثناء روس نے خبردار کیا ہے کہ یوکرائن جنگ میں ناکامی ہوئی تو جوہری جنگ ہوسکتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی سکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین اور سابق روسی صدر دیمتری میدادوف نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ یوکرائن میں جاری روایتی جنگ میں جوہری طاقت روس کو شکست ہوئی تو جوہری جنگ چھڑ سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوہری ممالک ایسے بڑے تنازعات میں شکست کے متحمل نہیں ہوتے جس پر ان کی قسمت کا دارومدار ہو۔