لاپتہ افراد پر کسی کو تو جواب دینا ہوگا : سپریم کورٹ ، سیکرٹری داخلہ ، چیف سکرٹری سندھ طلب
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے ڈاکٹر مہرین بلوچ کی دو بچیوں کی حوالگی سے متعلق کیس میں چیف سیکرٹری اور سیکرٹری داخلہ سندھ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت پر طلب کرلیا سپریم کورٹ میں ڈاکٹر مہرین بلوچ کی دو بچیوں کی حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی دوران سماعت سپریم کورٹ نے لاپتہ بچیوں کے بارے میں پیش رفت رپورٹ جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا اور سیکرٹری داخلہ اور چیف سیکرٹری سندھ کو آئیندہ سماعت پر ذاتی حیثیت پر طلب کرلیا چیف جسٹس پاکستان نے کہا چیف سیکرٹری اور سیکرٹری داخلہ سے جواب مانگا تھا لیکن کوئی نہیں آیا، جسٹس اطہر من اللہ نے کہایہ بہت اہم معاملہ ہے بچوں کو تلاش کرنے پر ریاست مکمل ناکام ہو رہی ہے، اگر شہری لاپتہ ہونگے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا، شہریوں کے لاپتہ ہونے پر کسی کو تو جوابدہ ہونا ہوگا، جس کے بعد عدالت کا آئندہ سماعت پر بچیوں کی بازیابی کی پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ستائیس جنوری تک ملتوی کردی۔