ڈیفنس میں نجی سکول کی طالبہ پر سہیلیوں کا چھریوں سے حملہ‘ تشدد
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور کے علاقے ڈیفنس میں نجی سکول کی طالبہ کو دیگر طالبات نے تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔ پولیس نے متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تھانہ ڈیفنس میں درج ایف آئی آر میں مدعی عمران نے مؤقف اپنایا ہے کہ اس کی بیٹی کو کلاس فیلو جنت‘ اس کی بہن کائنات‘ عمائمہ اور نور رحمن نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ ایف آئی آر کے مطابق باکسر عمائمہ متاثرہ لڑکی کو کھینچ کر کینٹین کی طرف لے گئی۔ اسے بالوں سے پکڑا‘ چھریوں کے وار کئے۔ زمین پر گرا دیا اور ٹھوکریں مارتے رہے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے متاثرہ لڑکی کی سونے کی چین بھی چھین لی۔ ایک لڑکی نشے کا شوق رکھتی ہے اور مدعی کی بیٹی کو بھی نشے میں ملوث کرنا چاہتی تھی۔