• news

چیئرمین واپڈا کا چوتھے تربیلا بجلی گھر‘ 5 ویں توسیعی منصوبے کا دورہ

لاہور (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے تربیلا کے چوتھے توسیعی پن بجلی گھر اور زیر تعمیر تربیلا کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ کیا‘ چیئرمین واپڈا نے تربیلا ڈیم کے زیر تعمیر پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی مختلف سائٹس کا بھی دورہ کیا اور منصوبے پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ جنرل منیجر(تربیلا ڈیم) نے پانچویں توسیعی منصوبے کے پراجیکٹ حکام کے ہمراہ چیئرمین واپڈا کو منصوبے کے اہداف اور پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ منصوبہ کے پہلے پیداواری یونٹ کی تکمیل کے لئے جولائی 2025 ء  کا شیڈول مقرر ہے اور اِس یونٹ کی تکمیل پر منصوبے سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ منصوبے کے دوسرے یونٹ کی تکمیل اگست2025 ء جبکہ تیسرے یونٹ کی تکمیل ستمبر 2025ء میں متوقع ہے۔ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے سے جولائی 2025ء میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔ منصوبے کی پیداوار ی صلاحیت 1530میگاواٹ ہے، ہر سال ایک ارب 34 کروڑ کم لاگت، ماحول دوست بجلی مہیا کرے گا‘ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے میں ورلڈ بنک 390ملین ڈالر، ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 300ملین ڈالر مہیا کررہا ہے۔ دریں اثناء واپڈا سکیورٹی فورس ٹریننگ سکول تربیلا میں تربیت حاصل کرنے والے پہلے گروپ کے 150 سکیورٹی سٹاف کی پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد ہوئی۔ چیئرمین واپڈا انجینئرلیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ جنرل منیجر (سکیورٹی) واپڈا بھی تقریب میں شریک تھے۔  تقریب کے دوران تربیت حاصل کرنے والے سکیورٹی سٹاف نے مارچ پاسٹ کے علاوہ اپنی مہارت کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ چیئرمین واپڈا نے تربیت کے دوران امتیازی کارکردگی دکھانے والے سکیورٹی اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ واپڈا منصوبوں پر سکیورٹی کی ضروریات کے پیشِ نظر واپڈا سکیورٹی فورس کی تشکیل نو کی جارہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن