علماء کرام عالمی چیلنجز پر گہری نظررکھیں،لوگوں کو گمراہی سے بچائیں:علامہ راغب نعیمی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ علماء کرام عالمی چیلنجز پر گہری نظررکھیں۔ اسلام کو درپیش مسائل کاحل دلائل سے پیش کرکے لوگوں کوگمراہ سے بچایا جائے۔ دینی اساتذہ طلبہ کی صلاحیتوں میں نکھارنے لانے کیلئے جدید اسلوب اپنائیں۔دین کی ترویج واشاعت اورتعلیم کے فروغ میں دینی اساتذہ کاکردارانتہائی اہم ہے۔دینی طلبہ دلفریب جذباتی نعروں میں آنے کے بجائے دین اسلام کے حقیقی پیغام کوسمجھیں۔آئندہ سال جامعہ نعیمیہ میںدرس نظامی سے دو نئے جدید پروگرام شروع کئے جائینگے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں امتحانی کمیٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں شیخ الحدیث مولانا محبوب احمدچشتی،مفتی ندیم قمر(جامعہ فاطمیہ)،علامہ شبیر احمدامدادی(جامعہ ام اشرف جمال)،علامہ نذرفرید القادری(جامعہ شہابیہ) مولانا محمدارشد جاوید قادری سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں جامعہ نعیمیہ اوراس سے ملحقہ مدارس کی گزشتہ تعلیمی سال کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سالانہ امتحانات اورتقریبات کے حوالہ سے غور وغوض کیا گیا۔آئندہ سال نئے جدید تعلیمی پروگرام کے شروع کرنے کے عزم کااظہار کیاگیااور نصاب کی تشکیل نو سمیت آئندہ سال کے تعلیمی وفلاحی اہداف کابھی تعین کیا گیا۔