عمران خان نے ملک کومعاشی، سیاسی ،اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ کیا:خواجہ عمران نذیر
لاہور(نیوزرپورٹر)مسلم لیگ(ن)لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ارکان اسمبلی شائستہ پرویز ملک،علی پرویز ملک،ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان ،صبغت اللہ سلطان اور سید توصیف شاہ سمیت دیگر نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں ملک کو معاشی، سیاسی اور اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ کیا۔ ملک کو اس دلدل سے نکالنے کا واحد ذریعہ سیاسی استحکام ہے اور عمران خان کے انتشار کی وجہ سے ملک میں سیاسی استحکام نظر نہیں آتا۔عمران خان نے 90 روز میں کرپشن ختم کرنے کا نعرہ لگایا پھر 4 سال میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کیے۔ گذشتہ روز عوام رابطہ مہم کے سلسلہ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان 4 سال پاکستان کے سیاہ و سفید کے مالک رہنے کے باوجود قوم کو ایک دھیلے کا ریلیف نہیں دے سکے۔ تبدیلی اور نیا پاکستان کے نام پر قوم کو بیوقوف بنایا گیا۔