بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز کے جرمانے معاف کرنے کا عندیہ خوش آئند : پاکستان ٹیکس بار
لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کی جانب سے موجودہ صورتحال میں بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز پر عائد جرمانے معاف کرنے اور ٹرمینلز کی جانب سے عائد جرمانوں میں بھی خاطر خواہ کمی کی کوشش کا عندیہ دئیے جانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ درآمدات کی ترجیحات کیلئے فہرست مرتب کی جائے، استطاعت رکھنے والا شخص ہی لگژری مصنوعات درآمد کر سکتا ہے اس لئے ٹیکسز کی شرح بھی اسی تناسب سے رکھی جائے ۔ اس وقت ملک کیلئے قربانی دینے کی ضرورت ہے۔ اس لئے جن کے پاس ڈالر ہیں وہ انہیں مارکیٹ میں لائیں اور حکومت ان کی حوصلہ افزائی کیلئے کوئی سکیم یا پالیسی لائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹیکس بار کے صدر رانا منیر حسین ،جنرل سیکرٹری چودھری قمرالزمان،نائب صدور عامر شہزاد،طاہر محمود بٹ،شہباز قادر،سیکرٹری اطلاعات شکیل اے خان اورفنانس سیکرٹری رانا کاشف ولایت نے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوںنے کہا کہ کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کرکے ہی معیشت میں استحکام لایا جاسکتا ہے اس لئے حکومت بیورو کریٹس کی بجائے کاروباری لوگوں کو اعتماد میں لے۔تاجروں اور صنعتکاروں کا کاروبار بند کر کے چابیاں گورنر سٹیٹ بنک کو پیش کرنا ثابت کرتا ہے کہ معاشی حالات انتہائی سنگین اور گھمبیر ہو چکے ہیں ،اس وقت 4 سے 5ارب ڈالرز کی ایل سیز رکی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے حالات میں جب مایوسی چھائی ہو عوام حکومت کی اپیل پر ڈالر مارکیٹ میں نہیں لائیں گے۔ حکومت میں بیٹھے لوگ اس کا آغاز کریںاور جس سے عوام کوبھی اعتماد ملے گا ، مشکل وقت میں ملک کی مدد کرنے والوں کیلئے کوئی سکیم یا پالیسی لائی جائے۔