ویمنز فٹبال ٹورنامنٹ‘ پاکستان، سعودی عرب کا میچ ایک ایک گول سے برابر
لاہور(سپورٹس رپورٹر)چار ملکی ویمنز فٹبال ٹورنامنٹ میں پاکستان اورسعودی عرب کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔سعودی عرب کے شہر خوبیر میں کھیلے گئے چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کا آخری میچ سعودی عرب کی ٹیم سے تھا۔ پہلے ہاف کے انتیس ویں منٹ میں ال بنداری مبارک نے گول کر کے سعودی عرب کی ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلائی جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔دوسرے ہاف کے پیسنٹھ ویں منٹ میں قومی ٹیم کی کپتان ماریہ خان نے شاندار گول کرکے میچ برابر کر دیا۔ ایک ایک سے مقابلہ برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں نے کئی مووز بنائیں لیکن بال کو جال میں پھینکنے میں ناکام رہیں۔پاکستان نے ایونٹ میں تین میچز کھیلے، ایک جیتا، ایک ہارا اور ایک برابر رہا۔ بہتر پوائنٹس کی بنیاد پر سعودی عرب نے ٹرافی اپنے نام کی جبکہ پاکستان نے دوسری پوزیشن پائی۔سعودی عرب میں 4ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد قومی ویمنز فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی،کھلاڑیوں اور معاون عملہ بدھ کی سہ پہر دمام سے براستہ بحرین لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پہنچا،پی ایف ایف حکام نے ٹیم کا استقبال کیا،پاکستان فٹبال ہائوس میں نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک اور دیگر ارکان نے سکواڈ کو خوش آمدید کہا۔