پاکستان سپر لیگ 8شئڈول کا اعلان افرراحی، تقریب ملتان میں مقابلے 13فروری سے شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے اور لیگ کا افتتاحی میچ 13 فروری کو ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپئنز لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائیگا۔ 34 دنوں کے درمیان 34 میچز کھیلے جائیں گے۔لیگ کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اپنے پانچ، پانچ میچز ہوم گراؤنڈ پر کھیلیں گی۔راولپنڈی میں 11، کراچی اور لاہور میں 9 جبکہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔لیگ کے درمیان ہی ویمنز ٹیم کے تین نمائشی میچز بھی کھیلے جائیں گے۔13 فروری کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں رنگارنگ افتتاحی تقریب کے بعد ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئنز لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائیگا۔لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے میچز دو مرحلے میں کھیلے جائیں گے۔ 13 سے 26 فروری تک پہلے مرحلے کے دوران ملتان اور کراچی میں میچز ہونگے۔ 26 فروری سے 19 مارچ دوسرے مرحلے کے دوران فائنل سمیت ٹورنامنٹ کے میچز لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ میں پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے شیڈول کی تصدیق کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس کررہا ہوں، یہ پی سی بی کیلئے بہت بڑا ایونٹ ہے جو چار مختلف شہروں میں ہو گا۔ ہم پی ایس ایل کو بڑا، مضبوط اور بہتر بناتے ہوئے اسے دنیا بھر کے ٹی20 کرکٹرز کیلئے اولین انتخاب بنانا چاہتے ہیں۔ 34 دنوں کے دوران کھیلے جانے والی کرکٹ کے معیار پر کوئی بھی سوال نہیں اٹھا سکتا او مجھے امید ہے کہ یہ ایک مرتبہ پھر مستقبل کے ستارے دریافت کرنے کی توقعات پر پورا اتریگا جو ناصرف پاکستان کے بڑے بڑے سٹارز کو چیلنج کریں گے بلکہ اس کے بعد پاکستان کی نمائندگی بھی کریں گے۔نجم سیٹھی نے پاکستانی شائقین سے درخواست کی کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے میچز دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں اور صرف پسندیدہ ٹیم ہی نہیں بلکہ لیگ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کو سپورٹ کریں۔ گزشتہ سال پی ایس ایل کیلئے اچھا رہا، پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل سے بڑا ٹی ٹونٹی برانڈ ہے، بنگلہ دیش، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور دبئی میں لیگ ہو رہی ہیں۔ویمن کے تین نمائشی میچز ہوں گے، ویمن میچز میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہونگی۔ مینجمنٹ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں بتایا کہ کوئٹہ میں نمائشی میچ کروانا چاہتے ہیں، کوئٹہ میں میچز کیلئے وہاں کی انتظامیہ سے بھی بات ہوئی ہے۔ یہ روایت ہونی چاہیے کہ حکومت کے تبدیل ہونے پر مینجمنٹ کو الگ ہونا چاہیے، پیٹرن کو اختیار ہونا چاہیے کہ وہ اپنا بندہ لائیں، میں نے روایت قائم کرنے کی کوشش کی تھی، میں نے پچھلے دور میں کھلاڑیوں کیلئے دو لیگز کھیلنے کا قانون بنایا تھا۔ ابھی بھی میں نے لیگز کی پالیسی سے متعلق پوچھا ہے، بتایا گیا کہ کبھی عمل ہوتا ہے کبھی نہیں ہوتا، پالیسی بنا رہے ہیں کہ جو کھلاڑی پی ایس ایل میں ہیں وہ لیگ سے 15 روز قبل فری ہوں تاکہ انجریز نہ ہوں۔ کوئٹہ میں نمائشی میچ پی ایس ایل سے قبل 5 فروری کو ہوگا، رمیز راجہ 100 مرتبہ آئیں کمنٹری کریں ہماری طرف سے رکاوٹ نہیں،یہ میرے ہاتھ میں نہیں براڈ کاسٹنگ ٹیم نے فیصلہ کرنا ہے۔انہوںنے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں کھلاڑیوں کے ہوٹل کیلئے مجوزہ زمین ججوں اور جرنیلوں کو دے دی گئی۔ کراچی میں کرکٹ میچز کے موقع پر شہریوں کو ٹریفک کی دشواریوں سے بچانے کیلئے نیشنل سٹیڈیم کے قریب فائیو سٹار ہوٹل تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ اس منصوبے پر دس برس تک بات چیت چلتی رہی لیکن پھر پی سی بی نے یہ زمین ججوں اور جرنیلوں کو دے دی۔