ہیوسٹن ہوریکنز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ کیلئے پر جوش ہوں
دنیا بھر میں کھیلوں کے شعبہ میں صنفی برابری کو فروغ دینے کیلئے آوازیں بلند کی جارہی ہیں اور خواتین کی کھیلوں میں شمولیت کو بڑھانے اور انہیں اہمیت دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ پاکستان میں اس حوالہ سے حکومتی اور کھیلوں کی تنظیموں کی جانب سے تاحال اس جانب کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی تاہم اپنے طور پر چند تنظیمیں اس اہم ایشو پر کام کرتی دکھائی دیتی ہیں جن میں گلیکسی سپورٹس اکیڈمی ممتاز مقام کی حامل ہے۔ انٹرنیشنل ہاکی پلیئر رابعہ قادر کی جانب سے قائم کردہ اکیڈمی نے گزشتہ بارہ برسوں کے دوران سینکڑوں خواتین کو کھیلوں کی تربیت فراہم کی جن میں سے کئی آج مختلف اداروں میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کر رہی ہیں۔ گزشتہ دنوں گلیکسی سپورٹس اکیڈمی نے پی سی بی ویمن ونگ کے تعاون سے امریکی قونصلیٹ لاہور اور جی سی یو کی ٹیموں کے مابین نمائشی میچ کا انعقاد کیا جس میں مردو خواتین کی مشترکہ ٹیموں نے شرکت کی۔ خواتین کوکھیلوں میں مردوں کے برابر مواقع فراہم کرنے کیلئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے تاریخی اوول گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے میچ میں امریکی قونصلیٹ کی ٹیم سی جی الیون کی قیادت قونصل جنرل ولیم کے میکنلے جبکہ جی سی یو ٹیم وی سی الیون کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی نے کی۔ کھیلوں میں صنفی برابری(Gender Equality)کو فروغ دینے کیلئے دونوں ٹیموں میں یکساں طور پر مرد و خواتین کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ۔ سابق انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی مسعود الرحمان، گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ کی ڈائریکٹر سپورٹس تبسم عباس، پی سی بی ویمن ونگ کے شرجیل احمد، امریکی قونصلیٹ لاہور کی پبلک افیئرز آفیسر برائس ایشام،کلچرل افیئرز آفیسر تنویر حسن جی سی یو کے ڈائریکٹر سپورٹس محمد وسیم اختر،ڈپٹی ڈائریکٹر عاطف بھٹی کرکٹ کوچ سعود خان سمیت دیگر موجود تھے۔ قونصل جنرل اور وائس چانسلر نے اپنی اپنی ٹیموں کی جانب سے کھیلتے ہوئے بیٹنگ کے جوہر دکھائے۔ امریکی قونصل جنرل کرکٹ کے بے حد شوقین ہیں۔ گورنمنٹ کالج پہنچنے پر ایک کھلاڑی کو لاہور قلندر کی شرٹ پہنے دیکھ کر فوراً کہا کہ وہ بھی لاہور قلندر کے فین ہیں اور میں ہوں قلندر کا سلوگن بھی بلند کیا۔ قونصل جنرل ولیم میکنلے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکی مشن تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت اور قیادت کا حامی ہے۔ یہ ہمارا یقین ہے کہ خواتین کی مکمل اور منصفانہ شرکت پاکستان اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرتی ہے۔ ہمیں تعلیم، انٹرپرینیورشپ، سپورٹس، میڈیا اور بہت سے دیگر شعبوں میں پروگراموں کی حمایت کرنے پر فخر ہے۔ پاکستان میں امریکی مشن کی خواتین کی ترقی کیلئے کی جانے والی کاوشوں کی بہترین مثال رابعہ قادر ہیں جنہوں نے امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے گلوبل سپورٹس مینورنگ پروگرام میں شرکت کرکے اپنی لیڈرشپ سکل میں اضافہ کیا ۔ ستائیس اٹھائیس اور انتیس جنوری کو ہیوسٹن ہوریکنز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کراچی میں بھی میچز کھیلے جا رہے ہیں میں ان میچز کیلئے بھی بہت پرجوش ہوں۔
ہیڈ آف پی سی بی ویمن ونگ تانیہ ملک کا کہنا تھاکہ صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے خواتین کی کھیلوں میں شرکت بے حد ضروری ہے پی سی بی خواتین کی کرکٹ میں شرکت بڑھانے کیلئے کئی منصوبوں پر کام کرر ہا ۔ مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ ورلڈ کپ کی فاتح قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان شہباز احمد سینئرنے میچ کے انعقاد کو احسن اقدام قرار دیااور کہا کہ دنیا میں دیگر شعبوں کیساتھ ساتھ کھیلوں کے شعبہ میں بھی صنفی برابری کو فروغ دینے کیلئے کام ہورہا ہے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کے رکن کی حیثیت سے ہم نے اس حوالہ سے بہت سے پروگرام تشکیل دئیے تھے یہاں آکر خوشی ہوئی کہ اب پاکستان میں بھی اس حوالہ سے کام کا آغاز ہوگیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق منیجر اظہر زیدی کا کہناتھاکہ خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں مردو ں کے شانہ بشانہ ہیں لیکن ہمارے ہاں کھیلوں کے شعبہ میں خواتین کے کردار کو وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کی وہ حقدار تھیں۔ اگر انہیں مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔گورنمنٹ کالج کے وائس چانسلر اصغر زیدی نے کہا کہ کھیل آپسی تعلقات کو بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہیں آج کے میچ سے جی سی یو اور یوایس قونصلیٹ کے تعلقات کو نئی جہت ملے گی اور ان میں مزید پختگی آئیگی۔ گلیکسی سپورٹس اکیڈمی کی بانی رابعہ قادر نے کہا کہ گلیکسی سپورٹس اکیڈمی گزشتہ بارہ سال سے خواتین کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنانے پر کام کررہی ہے۔ اس عرصہ کے دوران بہت سے اداروں نے جی ایس اے کیساتھ تعاون کیا جس میں یو ایس قونصلیٹ لاہور کا کردار نمایاں ہے۔ قونصلیٹ کے تعاون سے اب تک باسکٹ بال کے تربیتی، خواتین کیلئے سیلف ڈیفنس کی ورکشاپ اور اولمپک ڈے سمیت کئی ایونٹس کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یوایس قونصلیٹ لاہوراور گلوبل سپورٹس مینٹورنگ پروگرام کے تعاون سے ہونے والے پروگرامز کی بدولت گلیکسی سپورٹس اکیڈمی کی کرسچن مینارٹی سے تعلق رکھنے والی دو بچیاں عمارہ خالد اور مسنون فضل اس وقت سکالرشپ پر کنیئرڈ کالج میں تعلیم حاصل کررہی ہیں جبکہ حال ہی میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی فیفا ریفری کی زیر نگرانی ہونے والے انٹرنیشنل لیڈرشپ کورس میں شریک فٹبال کی کھلاڑی مافیہ پروین کا سعودی عرب میں ہونے والے چار ملکی فٹبال ٹورنامنٹ کیلئے انتخاب ہوا۔ گلکیسی سپورٹس اکیڈمی میں ٹریننگ کرنے والی دو درجن سے زائد لڑکیاں سپورٹس سکالرشپ پرتعلیم حاصل کرنے کے علاوہ مختلف کھیلوں میں صوبائی اور قومی سطح پر نمائندگی کاحاصل اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔ گلیکسی سپورٹس اکیڈمی اور یو ایس قونصلیٹ لاہور مستقبل میں خواتین کو کھیلوں کے شعبہ میں لیڈرز بنانے کیلئے مزید تربیتی پروگرامز اور لیڈرشپ کورسز کا جلد اعلان کرے گی جس میں کھیلوں سے وابستہ خواتین کو کھیلوں میں بااختیار بننے کے مواقع فراہم کئے جائیںگے۔ تقریب کے اختتام پر میچ کی فاتح اور رنر اپ ٹیم کو ٹرافیاں جبکہ مہمانوں میں سونیئر اور یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔