خواجہ غریب نوازؒ کی 811 ویں عرس تقریبات شروع،پاکستانی زائرین بھی پہنچیں گے
لاہور (خالد بہزاد ہاشمی) خواجہ خواجگان، سلطان الہند، خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے 811 ویں سالانہ 6 روزہ عرس مبارک کی تقریبات یکم رجب المرجب سے اجمیر شریف میں ہوں گی ۔ پاکستانی زائرین کا وفد بھی 24 سے 25 جنوری تک پہنچ جائے گا، جن کی دیوان سید زین العابدین دستار بندی کریں گے۔ درگاہ حضرت خواجہ غریب نواز کے سجادہ نشین دیوان سید زین العابدین کے صاحبزادے زیب سجادہ صاحبزادہ سید نصیرالدین چشتی نے نوائے وقت کو فون پر بتایا کہ تقریبات کا آغاز چاند نظر آتے ہی 6 رجب تک جاری رہتا ہے جبکہ گزشتہ روز بلند دروازہ پر تاریخی جھنڈا لہرا کر تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے جو گوری پریوار انجام دیتا ہے۔ بلند دروازے پر جھنڈا لہرانے کی رسم کا آغاز ستار شاہ نے 128 سال قبل کیا تھا۔ پورے بھارت آسام، بنگال، بہار وغیرہ سے ملنگ، درویش اور زائرین چھڑیاں اور جھنڈے لے کر بذریعہ دہلی اجمیر شریف پہنچیں گے۔ دہلی (مہرولی) میں وہ حضرت خواجہ غریب نواز کے محبوب خلیفہ حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی اور حضرت محبوب الٰہی خواجہ نظام الدین اولیاء کی بارگاہ میں رجسٹر پر حاضری لگوا کر یہاں حاضری دیں گے۔ چاند نظر آنے پر دیوان سید زین العابدین مزار مبارک کو غسل دیں گے اور چھٹی شریف تک یہ غسل اور محافل مبارک روزانہ جاری رہیں گی۔ 5 رجب کو دیوان صاحب کی صدارت میں مخصوص قدیمی محفل ہوگی جس میں سجادگان شرکت کریں گے۔ چھٹی کے روز سوا ایک بجے قُل شریف ہوگا، مخصوص دعا، دیوان صاحب کی دستار بندی کے علاوہ خانقاہ کے سجاد گان کی دستار بندی کریں گے۔ صاحبزادہ سید نصیرالدین چشتی نے بتایا کہ کرونا کے بعد یہ تیسرا عرس ہے جس میں روزانہ کئی لاکھ افراد شرکت کر رہے ہیں۔ موسم سرما کی شدت کے پیش نظر سفری اور رہائشی سہولیات کا انتظام کیا ہے۔ درگاہ تک آنے لے جانے کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔