• news

پنجاب میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام: کالعدم تنظیموں کے 5 مبینہ دہشتگرد گرفتار


لاہور (نامہ نگار) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی) نے مختلف شہروں میںکارروائیاں کرتے ہوئے5مبینہ دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب کی ہدایات پر ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے خفیہ اطلاعات پر صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 36آپریشنزکیے‘ جس میں 36 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی۔ گرفتار ہونے والوں کے قبضہ سے اسلحہ‘ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا۔گرفتار دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم داعش کا رکن محمد موسی‘لشکر جھنگوی کا رکن عبد الحنان تحریک طالبان پاکستان کا رکن رحمت علی اور سپاہ صحابہ پاکستان کے 2 ارکان معاویہ اور محمد عربی شامل ہیں۔ کالعدم تنظیم کی 3 کتابیں، 3 رسید بک، 64 پمفلٹ، 20 سٹیکرز، ایک موبائل فون اور 26710 روپے برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ گرفتار دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا‘ پولیس نے گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف لاہور، شیخوپورہ اور بہاؤلپور میں 4 مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہاکہ رواں ہفتے کے دوران سی ٹی ڈی پنجاب نے مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کی مدد سے صوبہ بھر میں مختلف شہروں میں 458 کومبنگ آپریشنز کئے گئے‘ان کومبنگ آپریشنز کے دوران21857 افراد کو چیک کیا گیا۔ 97 مشتبہ افراد گرفتار ‘ 52 ایف آئی آر درج کی گئیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن