لاکھوں کے ڈاکے‘ مزاحمت پر فائرنگ‘ پستول کے بٹ سے 2 زخمی کر دیئے
لاہور (نامہ نگار) ڈاکوؤں اور چوروں نے شہرکے مختلف علاقوں میںوارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ جبکہ مزاحمت کرنے پرایک شہری کو فائرنگ کر کے جبکہ دوسرے شہری کو پستول کے بٹ مار کر زخمی کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لوئر مال کے علاقے میں ڈاکوؤں نے حاجی اعجازکو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی توحاجی اعجاز نے مزاحمت کردی۔ جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے حاجی اعجاز کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے ہیں۔شاہدرہ کے علاقے میں ڈاکوؤں نے ثاقب علی کے بھائی سے نقدی ، موبائل فون اور موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت کرنے پر اسے پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کر دیا‘ ڈاکوؤں نے برکی کے علاقے میں تنویرکے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 7 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون و دیگر سامان، غازی آبادکے علاقے میں شہزاد اور اس کی فیملی سے 5 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات و موبائل فون، مسلم ٹاؤن کے علاقے میں رضا اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات و موبائل فون ، ساندہ کے علاقے میں افضل اور اس کی فیملی سے3 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات و موبائل فون، غالب مارکیٹ کے علاقے میں عمران سے 2 لاکھ روپے اور موبائل فون، راوی روڈکے علاقے میں ریاست سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون، گارڈن ٹاؤن میں اکرم سے ایک لاکھ روپے اور موبائل فون، شفیق آباد میں اسلم سے3ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے کوٹ لکھپت کے علاقے میں وسیم کے گھر کے تالے توڑ کرساڑھے 7لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کرلیا ہے۔ چوروں نے ہربنس پورہ، غالب مارکیٹ، باٹا پوراورمانگا منڈی کے علاقوں سے 4 کاریں جبکہ نیو انارکلی، سمن آباد، لاری اڈہ، مصطفی ٹاؤن، چوہنگ،ماڈل ٹاؤن، کاہنہ اور وحدت کالونی کے علاقوں سے8 موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔