حکمرانوں نے آئین، اسلام ، قوانین سے انحراف کیا: لیاقت بلوچ
لاہور ( خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے ڈیرہ مراد جمالی، جعفر آباد (بلوچستان) اور جیکب آباد، شکارپور، سکھر (سندھ) میں شمولیت جلسہ، سیاسی انتخابی کمیٹیوں کے ممبرز، میڈیا نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں حکمرانوں نے اسلام، آئین اور تمام قوانین سے انحراف کیا۔ آج پاکستان بد ترین سیاسی، علاقائی، اقتصادی، اخلاقی، تہذیبی، سماجی بحرانوں سے دوچار ہے۔ اسلام ہی ہمارے مسائل کا حل ہے، جاگیردار، وڈیرے، چوہدراہٹیں، سردار فسادات، مال و دولت کی بنیاد پر سیاست پر مسلط دھڑے قومی سلامتی کے لیے ڈیتھ وارنٹ بن گئے ہیں۔ آئین و قانون کی بالادستی، شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات اور مقتدر طبقہ اپنے آپ کو آئین و قانون اور ضابطوں کا پابند بنائے گا تو ملک خوشحال اور مستحکم ہوگا۔