بدعنوانی کا سیلاب اخلاقی اقدار سمیت سب کچھ بہا کر لے گیا: طاہر القادری
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) تحریک منہاج القران کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج یوتھ لیگ کے قومی یوتھ کنونشن سے آڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی اور نااہلی کا سیلاب اخلاقی اقدار سمیت سب کچھ بہا کر لے گیا۔ یہ سب ہمارے خلاف اور ہماری آنے والی نسلوں کے خلاف ایک بڑی گھناؤنی سازش ہے ہم اپنی سرزمین پر خود مر کر دفن ہوجائیں گے اور ہمارے کلچر کی کوئی شناخت نہیں ہوگی۔ ہمارا معاشرہ مْردوں کا معاشرہ بنا دیا گیا ہے۔ سیاسی قیادت جرم کو جرم، گناہ کو گناہ اور حرام کو حرام نہیں سمجھتی۔ نوجوان ہی اس ملک کی امید اور اندھیرے میں روشنی کی کرن ہیں۔ نوجوان اپنے ملک اپنے نظریہ کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا ہے سب کچھ سامنے ہے۔