• news

خواتین کو حقوق دلانے کیلئے خاتون محتسب کردار اداکررہا ہے ، نبیلہ حاکم 


 لاہور (لیڈی رپورٹر) خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم خان نے کہا ہے کہ کام کی جگہ خواتین کی ہراسگی، وراثتی جائیداد میں حق تلفی کے قانون پر عمل درآمد کے لیے خاتون محتسب کا ادارہ اہم کردار ادا کررہا ہے خواتین کو ان کے حقوق دلانے کے لیے محتسب ادارے کے ریجنل دفاتر قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ خواتین کو ان کی دہلیز پر حقوق میسر آسکیں۔ انہوںنے ان خیالات کااظہار ریجنل آفس ملتان کے دورہ اور یونیورسٹی لا کالج بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ ریجنل آفس کے دورہ کے دوران کمشنر ملتان ڈویژن اشفاق احمد چودھری، وفاقی محتسب کے ایڈوائزر محمود جاوید بھٹی، وائس چانسلر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی، سیکرٹری جنگلات سرفراز مگسی، سیکریٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب ،سیکریٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب، لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے ڈاکٹر عبدالصبور، اکرم بھٹی اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔ خاتون محتسب نبیلہ حاکم خان نے کہا کہ ملتان میں خاتون محتسب کے ریجنل آفس کا قیام خوش آئندہ ہے ریجنل محتسب آفس کے قیام سے خواتین کی ہراسانی اور جائیداد سے محرومی بارے شکایات کا جلد ازالہ ہوگا ۔ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی سیمینار میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کندی، پرنسپل گیلانی لا کالج شمزہ فاطمہ پروفیسر ڈاکٹر فواد رسول، پروفیسر ڈاکٹر بلال اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن