پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کی لاہور چیمبر کے صدر سے ملاقات
لاہور(کامرس رپورٹر ) پنجاب فوڈ اتھارٹی 10 سے 12 فروری تک ایکسپو ’’فوڈ ایکسپو پلس‘‘ کا انعقاد کر رہی ہے۔یہ بات ایڈیشنل ڈی جی ٹیکنیکل پنجاب فوڈ اتھارٹی احد ڈوگر نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر چوہدری ظفر محمود، ایڈیشنل ڈی جی آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی آصف علی ڈوگر اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔احد ڈوگر نے کہا کہ فوڈ کورٹ، روایتی کھانے اور بہترین سی ای او کانفرنس بھی اس ایکسپو کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ انڈسٹری، پروسیسنگ سیکٹر، پروڈیوسرز، ایکسپورٹرز اور امپورٹرز اپنے سٹالز لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے بین الاقوامی مندوبین اور سفیر ایکسپو کا دورہ کریں گے۔ اس ایکسپو کا بنیادی مقصد براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور فوڈ ایکسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔ڈی جی نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ضلع لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کرتی ہے۔ ہر ضلع میں دودھ میں ملاوٹ کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جاتا ہے۔ دودھ کی مانگ زیادہ ہے لیکن اس کی پیداوار بہت کم ہے جس کی وجہ سے ملاوٹ کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کا کام کوالٹی چیک کرنا ہے۔ فزیبلٹی کے بغیر دودھ کا معیار برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اتھارٹی نے گزشتہ ماہ یونیورسٹی کے طلباء کی مدد سے مختلف اضلاع میں گھر گھر جا کر 15 ہزار نمونے جمع کیے ہیں جس کا مقصد دودھ کے استعمال کو چیک کرنا تھا جو چیک کرنے کے بعد صارفین تک پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ نتائج جلد لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔ ہم لاہور چیمبر کے ساتھ مل کر ایک ورکنگ گروپ بنا سکتے ہیں اور فوڈ سیکٹر کو درپیش مسائل کو لاہور چیمبر کے ساتھ مل کر حل کیا جائے گا۔