• news

خصوصی افراد کو سرکاری اداروں میں ملازمت دینا خیرات نہیں،آ ئینی حق:سپریم کورٹ


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے تمام سرکاری اداروں میں خصوصی افراد کیلئے مختص کوٹے پرعملدرآمد کا حکم دے دیا۔ 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ خصوصی افراد کو سرکاری اداروں میں ملازمت دینا صدقہ خیرات نہیں بلکہ آئینی حق ہے، پاکستان میں خصوصی افراد کی تعداد 33 لاکھ سے 2 کروڑ تک ہے جنہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، سپریم کورٹ نے نیب کو خصوصی افراد کیلئے 3 فیصد کوٹے پرفوری تقرری کا حکم دے دیا۔ عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی ادارے خصوصی افراد کے لیے احساس پیدا کریں، خصوصی افراد کے تمام قانونی اور آئینی حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے۔ معاشرے کی ترقی میں خصوصی افراد کا بھی اتنا ہی کردار ہے جتنا عام آدمی کا، اپنے حکم میں سپریم کورٹ نے خصوصی کوٹے پر عملدرآمد کا حکمنامہ تمام سرکاری اداروں کو ارسال کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

ای پیپر-دی نیشن