• news

سبی میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکہ


بلوچستان کے شہر سبی میں ریلوے لائن پر بم دھماکے میں کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں‘ جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں مچھ، سبی ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ 
ریلوے ٹریک پر تخریب کاری کا یہ پہلا واقعہ نہیں‘ اس سے قبل بھی ملک کے مختلف علاقوں میں ریلوے ٹریک کو متعدد بار دہشت گردی نشانہ بنایا جا چکا ہے جس میں کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں۔ فی الوقت اس تخریب کاری کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی لیکن اس واردات کے پیچھے بیرونی ہاتھ کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کی سلامتی کیخلاف کالعدم تنظیمیں بھی متحرک ہیں جنہیں اندرون و بیرون ملک سہولت کار بھی میسر ہیں جبکہ تخریب کاروں کی باقیات بھی کونے کھدروں میں چھپی موقع پا کر دہشت گردی کی واردات کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں۔ ترقی کے اس دور میں ریلوے ٹریک کی حفاظت اور اسکی دیکھ بھال کیلئے جدید تکنیک موجود ہے جس کی طرف توجہ نہیں دی جا رہی۔ بدقسمتی سے ریلوے کی قیادت محکمے پر توجہ دینے کی بجائے ملکی سیاست میں الجھی نظر آتی ہے جس سے ریلوے کا محکمہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ اس لئے جہاں ہمیں ریلوے نظام میں بہتری لانے اور اسکی سکیورٹی کو جدیدتقاضوں کے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے وہیں اپنی سرحدوں کی بھی کڑی نگرانی اور سکیورٹی مزید سخت کرنی چاہیے۔ بے شک اندرون ملک پاک فوج دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت اپریشنز جاری رکھے ہوئے جس کے خاطرخواہ نتائج بھی برآمد ہو رہے ہیں مگر ملک میں تسلسل سے ہونیوالی دہشت گردی کی وارداتیں اس امر کی متقاضی ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان کا ازسرنو جائزہ لے کر اس میں مزید بہتری لائی جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن