بدحالی تھمنے والی نہیں، حل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے: سراج الحق
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کشکول مشن سے ملک کے نہیں صرف حکمرانوں کے حالات تبدیل ہوئے ٹرائیکا کی حکومتوں میں ملک اور عوام کے حصے میں صرف تباہی آئی، ملک سیاسی، معاشی اور سماجی طور پر ڈیفالٹ کر گیا تینوں بڑی سیاسی جماعتیں آزمائی جا چکی ملکی بدحالی ان سے تھمنے والی نہیں ہے۔ تمام مافیا ز ان کے اور ان کی پارٹیاں اور حکومتیں مافیاز کے رحم و کرم پر ہیں۔ اب حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ اللہ کی مدد و نصرت اور عوام کی تائید سے اقتدار ملا تو جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام نافذ کرے گی۔ میئر انشا اللہ جماعت اسلامی کا ہو گا۔ کراچی جلد ترقی و خوشحالی کی طرف اپنے سفر کا آغاز کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور جامعہ مفتاح العلوم مردان میں ختم بخاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی مہنگائی، غربت، بے روزگاری اور مریکی غلامی کا نام ہیں۔ کاش کوئی احتساب کا نظام ہوتاتو بڑے بڑے نام نہاد لیڈر جیلوں میں ہوتے۔ عدالتیں اور ادارے ملک لوٹنے والوں کا احتساب کرن میں ناکام، اب عوام ہی ووٹ کی طاقت سے ظالموں اور لیٹروں کا احتساب کریں گے۔ حکمران ٹرائیکا کے درمیان بلی چوہے کا کھیل جاری، دونوں اطراف مفادات کے لیے ایک دوسرے کی تذلیل میں مصروف ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مردہ لاشوں کی طرح ہیں۔ آج ملک کے وزیراعظم کا پوری دنیا میں کوئی فون سننے کے لیے تیار نہیں، کشکول مشن اصل میں ملک کی بربادی کا نام ہے۔سراج الحق نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی آئندہ سو سال بھی اقتدار میں رہیں تو بہتری نہیں آئے گی، تینوں سٹیٹسں کو کا تسلسل ہیں۔ تینوں کو بار بار اقتدار ملا، تینوں نے ہر بار قوم کو دھوکا دیا۔ سراج الحق نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی گھنائونا اور ناقابل برداشت عمل ہے۔ آزادی کی آڑمیں کسی بھی ایسے فعل کی اجازت نہیں دی جا سکتی، وہاں قرآن پاک اور پوری دنیا میں ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دل جل رہے۔