قوم کا اعتماد بحال کرنے کیلئے نواز شریف کو واپس لانا ہو گا: جاوید لطیف`
لاہور (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ قوم کا اعتماد بحال کرنے کیلئے محمد نواز شریف کو واپس لانا ہو گا۔ محمد نواز شریف کی ملک کیلئے قربانیوں کو ضائع کیا گیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ اتحادی حکومت نہ لیتے تو عمران خان کو کوئی امیدوار نہ ملتا، عمران خان کو دوبارہ مقبول بنانے کے لیے ملک کو اس حال تک پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے محبت کرنے والی قیادت نے اپنی سیاست کو عبادت سمجھ کر کیا۔ جن پانچ کرداروں نے 2017ء میں رول ادا کیا، ان کی جیبوں سے پیسہ نکال کر واپس قومی خزانے میں رکھ دیا جائے تو کسی ادارے سے قرض لینے کی ضرورت نہ ہو، ہم تو ہمیشہ حساب دیتے آئے ہیں اب پھر لے لیں، نواز شریف کو بار بار احتساب اور ٹرائل سے گزارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیا بیانیہ نہیں لا رہے‘ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اتنا گند ڈال دیا ہے کہ ہم سارے حقائق سامنے رکھ کر الیکشن میں جا رہے ہیں ،جس دن الیکشن کا شیڈول جاری ہو گا ، محمد نواز شریف واپسی کی تاریخ دیں گے، مریم نواز واپس آ رہی ہیں ہم نے جہاں سے خاموشی اختیار کی تھی اب وہیں سے قوم کو سب سنانا شروع کریں گے۔ ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔ ایک ادارہ خود کو غیر سیاسی رہنے کا کہہ چکا تو باقی کو بھی غیر سیاسی نظر آنا چاہئے۔ ایٹمی صلاحیت بنانے والے نواز شریف کو سزا کیوں دی گئی۔