• news

پی ٹی آئی کی الیکشن کرائو ریلیاں،حکمران جتنا مرضی بھاگ لیں انتخابی میدان میں آنا پڑے گا :رہنما


فیصل آباد+ٹوبہ ٹیک سنگھ+ شیخوپورہ (نمائندگان خصوصی + نمائندہ نوائے وقت) پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ جتنا مرضی بھاگ لے انتخابی میدان میں آنا پڑے گا۔ جنرل سیکرٹری انصاف لائر زفورم ضلع فیصل آباد و امیدوار ایم  پی اے پی پی 112شہباز امیر علی اعوان کی قیادت میں الیکشن کرائوملک بچائوریلی نکالی گئی ۔ ریلی رضا ٹائون کینال روڈ سے شروع ہوئی اور کشمیر پل کینال روڈ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ قافلہ دو سو سے زائدگاڑیوں پر مشتمل تھا۔ کارکنوں نے پارٹی پرچم اٹھارکھے تھے۔ ریلی میں سابق ایم پی اے فردوس رائے سمیت خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ امیدوار ایم پی اے پی پی 112شہباز امیر علی اعوان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امپورٹڈ حکومت الیکشن میں جتنی تاخیرکرے گی ملک وقوم کواتنی ہی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ پاکستان ہرگزرتے گھنٹے کے بعد مسائل کی دلدل میں دھنس رہا ہے۔ عمران خان سے کرپٹ ٹولہ اس قدر خوف زدہ ہے کہ الیکشن سے فرارکو ہی اپنی بقاء سمجھ رہا ہے۔  نواز شریف کل کی بجائے آج ہی وطن واپس آئیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پاکستان تحریک انصاف کے راہنما امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 121خالد نواز سرھریچ نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستانی عوام کے بہتر مستقبل کے لیے دو اسمبلیاں تحلیل کی ہیں جس سے امپورٹڈ ٹولے کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی ہے، تن تنہا 13جماعتوں کے اتحاد کو دن میں تارے دکھا دئیے ہیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار الیکشن کرائو ملک بچائو احتجاجی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا،ریلی میں حلقہ پی پی121کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی رجانہ چوک پہنچی، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے رجحان نے ثابت کر دیا۔ صرف عمران خان ہی وفاق کی مضبوطی کی علامت ہیں۔ امپورٹڈ ٹولے اور ان کے سہولت کاروں کو ہر حال میں عوامی فیصلے کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ہو گا۔ سابق رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی حلقہ این اے 115 کے ٹکٹ ہولڈر چودھری محمد سعید ورک اور پی ٹی آئی ضلعی سینئر نائب صدر افضال حیدر نے گزشتہ روز مہنگائی کے خلاف نکالی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد سعید ورک نے کہا کہ ملک پر بددیانت ٹولہ مسلط ہے جو کہ مسلسل غریب عوام کا خون چوس رہا ہے آٹھ ماہ میں امپورٹڈ حکومت نے ملکی معیشت کا ستیاناس کر دیا ہے۔ میاں افضال حیدر نے کہا کہ موجودہ بدترین مہنگائی کے ذمہ دار وفاقی حکمران ہیں جو صوبوں پر ڈال کر خود کو بری الذمہ قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں‘ قوم کے سامنے ان کا ایجنڈا بے نقاب ہو چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن