• news

جلد سزا یافتہ شخص کو پروٹو کول کے ساتھ واپس لایا جائے گا: شاہ محمود


ملتان (خبر نگار خصوصی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکمران اقتدار کو طول دینے کیلئے حیلے بہانے کررہے ہیں۔ ناکام نظام کو بچانے کیلئے غیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ حکومت بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے۔ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ سے بچنے کیلئے اور نام نہاد اپوزیشن لیڈر کو بچانے کیلئے اراکین کے استعفے منٹوں میں منظور کئے گئے۔ہمارے باقی اراکین اسمبلی کے استعفے بھی منظور کئے جائیں۔ فوری اور شفاف الیکشن ملک کی ضرورت بن چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 44 میں سابق چیئرمین ملک ظہور بھٹہ کی رہائش گاہ پر استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک اسحاق بھٹہ، ملک جاوید بھٹہ جانباز‘ ملک عثمان ظہور بھٹہ‘ ملک اعجاز بھٹہ جانباز‘ ملک طاہر‘ ثقلین سعیدی سمیت اہلیان علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے قانونی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔ جلد ہی ایک سزا یافتہ شخص کو پروٹوکول کے ساتھ وطن واپس لایا جائے گا۔ قبل ازیں این اے 156 میں احساس پروگرام رجسٹریشن سینٹر چوک شاہ عباس کے دورہ کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف نے مشکل وقت میں اقتدار سنبھالا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی رہنما نجف خان سیال کے بھائی کی قل خوانی میں شرکت کی۔ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی مخدوم زادہ زین حسین قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن