رائے ونڈ: اے ایس آئی کی شہری کو دھمکیاں ‘بھاری رقوم کا مطالبہ ‘سی سی پی او سے نوٹس کا مطالبہ
رائے ونڈ (نمائندہ نوائے وقت)نکے تھانیدار نے شہری کا جینا محال کردیا،پولیس وردی کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پراے ایس آئی صبغت اللہ کے خلاف شہری حافظ رضا الہی نے سی سی پی او لاہور کو درخواست دیدی۔ مقامی تاجر اور شہری حافظ رضا الہی کا کہنا ہے کہ اس نے پولیس ملازم محمد عمران خوشی محمد کیساتھ ملکر کاروبار کیا، لین دین کے معاملات تھے جسکی مکمل ادائیگی دوسال قبل کردی گئی تھی۔ پولیس ملازم عمران کے پاس میرے پرانے چیک پڑے تھے جسکی بنا پر عمران نے مقامی تھانے میں بار بار تعینات ہونیوالے اے ایس آئی صبغت اللہ کیساتھ مل کر مجھے ہراساں اور پریشان کرنا شروع کررکھا ہے۔ رقوم کی مکمل ادائیگی کے باجود مجھ سے نفع کی آڑ میں بھاری رقوم کا مطالبہ کیا جارہا ہے،عمران نامی پولیس اہلکار مجھے ڈرا دھمکا کر ہر ماہ پیسے وصول کررہا ہے،عمران اپنے پیٹی بند بھائی صبغت اللہ نامی اے ایس آئی کے ذریعے مجھے ٹیلی فون پر سنگین نتائج کی دھمکیاں اورگالیاں دیتا ہے،حافظ رضا الہی کے مطابق صبغت اللہ اے ایس آئی ریکوری آفیسر بن چکا ہے،پولیس سٹیشن رائے ونڈ میں بار بار تعینات ہونے کی وجہ سے مختلف حیلوں بہانوں سے جرائم پیشہ عناصر کیساتھ مبینہ طور پر سازباز ہو کر بھاری رقوم ہتھیا رہا ہے۔ مجھے گھر میں چھاپے مارنے کی بھی دھمکیاں دی جارہی ہیں،شہری رضا الہی نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ صبغت اللہ کی خفیہ انکوائری کروائی جائے۔ کہ اسکی کارکردگی رپورٹ کیا ہے اور وہ بار بار رائے ونڈ پولیس سٹیشن کیوں تعینات ہو تا ہے اور کن جرائم پیشہ عناصر کیساتھ اسکے گہرے مراسم ہیں اور مجھے ذہنی کوفت سے دوچار کرنیوالے نکے تھانیدار کے مظالم سے بھی نجات دلائی جائے۔