حکومت ،اپوزیشن کی لڑائی ملک و قوم نہیں اقتدار کیلئے ہے: سعد رضوی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کی لڑائی ملک و قوم کیلئے نہیں اقتدار کے لئے ہے۔مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔انتشار اور فساد کی سیاست ملک و قوم کیلئے کسی خطرے سے کم نہیں ہے۔ملک آئین اور قانون پر عمل درآمد سے ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔غریب فاقہ کشیوں پر مجبور لیکن سیاست دان اقتدار لوٹنے کے چکر میں پڑے ہوئے ہیں۔غیر آئینی اقدامات نے ریاست کو بیدم کر دیا ہے۔سیاست دانوں کیلئے رات کے اندھیروں میں عدالتیں کھل جاتی ہیں لیکن غریب دن کی روشنی میں بھی انصاف کے لئے دربد ر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔انہوں نے کہا کہ چور دروازے سے آنے والے سیاستدان آج بھی اقتدار کیلئے چور دروازے کا استعمال کررہے ہیں۔چور دروازوں کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔عوامی مینڈیٹ کو روندنے والا کس منہ سے الیکشن کی تاریخ مانگ رہا ہے۔ حافظ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ اگر اداروں نے سیاست سے مکمل کنارہ کشی اختیار کی تو کوئی جماعت ہمارا مقابلہ نہیں کرسکے گی۔ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک اور ایماندار قیادت کا ہوناضروری ہے۔تحریک لبیک نیک اور ایماندار قیادت کی حامل جماعت ہے۔ نوجوان تحریک لبیک کے قافلے میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں یہ ہی نوجوان ملک کی تقدیر بدلیں گے۔