حمزہ شہباز پارک گجر پورہ میں سیوریج کی صفائی نہ ہونے سے گلیاں چھپڑ بن گئیں
لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ واسا کی کارکردگی صفر ہونے لگی‘ گلی گلی گٹر بند‘ محکمہ کا عملہ غائب‘ شکایات کے انبار لگ گئے۔ علاقہ شمالی لاہور چھپڑ کا منظر پیش کرنے لگا۔ لاہور گجرہ پورہ سرکاری سکم میں شہریوں نے سیوریج کا نظام درست نہ کرنے پر واسا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفتر میں شکایات درج کرائی ہیں‘ ٹیلی فون پر بھی ایکسیئن اور سپروائزر کو اطلاع دی جاتی ہے مگر عملہ علاقہ کلیئر کرنے نہیں آتا۔ حمزہ شہباز پارک بلاک بی 3 کے اطراف گٹر بند ہونے کی وجہ سے پانی گلیوں میں پھیل گیا ہے۔ شہریوں کو گزرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ سالوں سے گلیوں کے گٹروں سے گارا نہیں نکالا گیا‘ گزشتہ کئی سالوں سے ہر موسم سرما میں گلیوں میں گندے پانی کے جوہڑ شہریوں کا استقبال کر رہے ہوتے ہیں۔ اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سیوریج کا نظام بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔