انتخابات کو مافیا نے یرغمال بنایا ہوا ہے: خالد حبیب الہٰی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) اہلسنت کی جماعتوں پر مشتمل اسلامی قومی اتحاد کے کنوینر نظام مصطفی پارٹی کے مرکزی صدر میاں خالد حبیب الہیٰ ایڈووکیٹ نے پارٹی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں الیکشن کو لینڈ اور کرنسی مافیا نے یرغمال بنایا ہوا ہے ۔عام آدمی تو درکنار مڈل کلاس کا کوئی امیدوار بھی الیکشن لڑنے کا سوچ نہیں سکتا ۔انہوں نے کہا لینڈ کرنسی اور کرپٹ مافیا نے سیاست کو زرگری کا پیشہ بنایا ہوا ہے جس کی وجہ سے ملک معاشی سیاسی اور اخلاقی طور پر تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا اب بھی وقت ہے کہ حکمران الیکشن کمیشن آف پاکستان،اسٹیبلشمنٹ انتخابی اصلاحات کرکے الیکشن کے عمل کویقینی طور پر غیر جانبدار اور شفاف بنائیں ۔انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن قوم کے ساتھ ایک بار پھر سنگین مذاق ہوگا اور ووٹرز کا الیکشن کے عمل سے اعتماد اٹھ جائے گا جس کے خوفناک نتائج نکلیں گے۔