(ن) لیگ ملکی ترقی اور سلامتی کی ضامن جماعت ہے:طارق محمود ڈوگر
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) پی پی 137کے سینئر نائب صدر و سابق ممبر ضلع کونسل حاجی طارق محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ عمران خان کوآئندہ عام انتخابات میں بیساکھیوں کے سہارے کے بغیر میدان میں اترنا ہوگا،اپنی سیاست کیلئے عمران خان نے نہ صرف نئی نسل کو گمراہ کیا بلکہ اوئے توئے کی سیاست سے ان کا مزاج تباہ کر دیا، (ن) لیگ ملکی ترقی اور سلامتی کی ضامن جماعت ہے اور ان شا ء اللہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں ہم نئے عزم کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے عمل پیرا ہوں گے، اپنے ایک بیان میں حاجی طارق محمو دڈوگر نے کہا کہ عمران خان پہلے بھی کسی کے کندھوں پر سوار ہو کر آیا تھا اور آئندہ عام انتخابات کیلئے بھی کسی کا کندھا اور سہارا تلاش کر رہاہے لیکن اب حالات بدل چکے ہیں انہیں اپنی سیاست کے بل بوتے پر انتخابی میدان میں اترنا ہوگا، عمران خان نام نہاد مقبولیت کے زعم میں مبتلا ہے جس کی قلعی انتخابی میدان میں کھل جائے گی، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی سیاست کو آلودہ کر دیا وہ دن دور نہیں جب عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ان کی آلودہ سیاست کو دفن کردیں گے عمران خان کی سیاست صرف الزامات کے گرد گھومتی ہے ان کے پاس کوئی وڑن نہیں اب یہ دعوے کر رہے ہیں۔ کہ ہم پوری تیاری کے ساتھ آرہے ہیں اگر آپ کی تیاری نہیں تھی تو پونے چار سال میں ملک کی معیشت کا سوا ستیا ناس کیوں کیا اس وقت آپ کے معاشی فارمولے کیوں کارگر ثابت نہ ہوئے بلکہ یہاں تک کہ آپ نے ملک کو دیوالیہ کرنے کی نہج پر پہنچا یا۔