• news

ہارون رشید قومی ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر اعلان آج ہوگا 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کیلئے سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید کا نام فائنل کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید ہوں گے، ہارون رشید نیوزی لینڈ سیریز میں عبوری سلیکشن کمیٹی کے کنونیئر رہ چکے ہیں۔ہارون رشید پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے ممبر بھی ہیں جبکہ 2017 ء میں پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز بھی رہ چکے ہیں، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی سربراہ نجم سیٹھی آج پریس کانفرنس میں اعلان کریں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے نامزد چیف سلیکٹر سابق ٹیسٹ کرکٹرہارون رشید نے 23 ٹیسٹ میچزمیں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے رویے سے نالاں پاکستان کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے آج اہم پالیسی بیان جاری کرے گا۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی آج لاہور میں پریس کانفرنس شیڈول ہے جس میں اہم اعلانات متوقع ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی دورہ متحدہ عرب امارات میں انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل، بھارتی آفیشلز اور دوسرے حکام کے ساتھ ملاقاتوں کی تفصیلات شیئرکریں گے۔ٹیم مینجمنٹ کی تقرری اور کپتانی کے معاملات پر بھی لائحہ عمل پر بریف کریں گے اور قومی ٹیموں کی سینئرز اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت سے آگاہ کیا جائیگا۔افغانستان کی طرف سے تین ون ڈے میچز مارچ میں کھیلنے کی پیشکش پر نجم سیٹھی ردعمل دیں گے، پی سی بی میں اہم تقرریوں کیساتھ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی سمیت دوسرے امور پر اپ ڈیٹ بھی پریس کانفرنس کا حصہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن