مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی: رانا تنویر
نارنگ منڈی(نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ملکی صورتحال کی زمہ دار اسٹیبلشمنٹ ہے اور عدلیہ نے بھی اس میں خوب حصہ ڈالا ہے۔ سٹی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا عدلیہ نے مصلحت کے تحت ایسے فیصلے بھی کئے جو قانون اور آئین سے ہٹ کر تھے۔ ایک منتخب وزیر اعظم میاں نواز شریف کو ثاقب نثار نے غیر آئینی فیصلہ سے نکالا۔ انہوں نے کہا اسٹیبلشمنٹ نے بھی آئین سے ہٹ کر کام کئے ہیں۔ ایک سوال پر رانا تنویر کا کہنا تھا حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور ایسے قوانین لے کر آئے ہیں کہ صحافت مزید آزاد ہو۔ انہوں نے کہا عمران خان نے پونے چار سال میں ملک کی معیشت، سیاست اور ساکھ کا بیڑہ غرق کردیا۔ اب بھی ملک کو غیر مستحکم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ مگر جان لے پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہوگا۔ ہم نے پاکستان کو نہ صرف ڈیفالٹ سے بچا لیا ہے بلکہ آنے والے دنوں میں ملک کی معیشت مستحکم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن پنجاب کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔ پنجاب اور خیبر پی کے میں اگر دیگر اتحادی جماعتوں نے حصہ لیا تو باہم مشاورت سے ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا عمران خان دوبارہ اقتدار میں آنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ عمران جو دعوے کررہا ہے کہ حکومت کے ارکان ان سے رابطہ میں ہیں وہ سن لیں پونے چار سال اس کے قتدار میں ہم نے ان کے ناجائز مقدمات کا سامنا کیا۔ اس وقت نہ ٹوٹے اب کیسے میاں شہباز شریف کا ساتھ چھوڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا آج جو مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کا برا حال ہے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو جو نقصان پہنچا ہے اس کا عمران خان ذمہ دار ہے۔ حکومت نے ملکی مفاد میں عمران سمیت سب جماعتوں کو دعوت دی کہ آئیں ملکر پاکستان کی خوشحالی کیلئے کام کریں مگر عمران خان نے پاکستان اور عوام کو نقصان اور اداروں کیخلاف ہٹ دھرمی سے کام لیا۔