قرآن پاک کی بے حرمتی پر سویڈش وزیراعظم کا اظہار افسوس
سٹاک ہوم (این این آئی)سویڈن کے وزیر اعظم نے سٹاک ہوم میں قرآن پاک نذر آتش کئے جانے کے واقعے کی انتہائی مذمت کی ہے۔ وزیر اعظم الف کرسٹرسن نے ٹوئٹر پر کہا کہ کتابوں کو جلانا جو بہت سے لوگوں کے لیے مقدس ہیں، ایک انتہائی توہین آمیز فعل ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق انتہائی دائیں بازو کے سیاست دان راسموس پالوڈن نے ہفتے کے روز سویڈن کے دارالحکومت میں ترک سفارت خانے کے سامنے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کریم کی ایک کاپی کو ںذر آتش کیا تھا۔سویڈش پولیس کی طرف سے پالوڈن کو احتجاج کرنے کی اجازت دینے پر ناراض انقرہ نے سویڈن کے وزیر دفاع کا دورہ منسوخ کر دیا اور سٹاک ہوم کے سفیر کو طلب کیا۔وزیر اعظم الف کرسٹرسن نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کا بنیادی حصہ ہے۔ لیکن جو قانونی ہے وہ ضروری نہیں کہ مناسب ہو۔ کتابوں کو جلانا جو بہت سے لوگوں کے لیے مقدس ہیں، ایک انتہائی توہین آمیز فعل ہے۔انہوں نے لکھاکہ میں ان تمام مسلمانوں کے لیے اپنی ہمدردی کا اظہار کرنا چاہتا ہوں جو آج اسٹاک ہوم میں ہونے والے واقعے سے ناراض ہیں۔