یوکرائن کو ٹینک ملنے سے صورتحال خراب ہوگی،روس،بورس جانس کی زیلنسکی سے ملاقات
لندن‘ ماسکو (نوائے وقت رپورٹ‘ اے پی پی) برطانیہ کے سابق وزیر اعظم اور کنزرویٹو ایم پی بورس جانسن نے یوکرائن کے دارالحکومت کیف کا دورہ کیا ہے اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے کیف پہنچنے پر یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ان کا استقبال کیا اور اپنے ٹیلی گرام پر جاری کئے گئے پیغام میں لکھا کہ ’’میں یوکرین کے سچے دوست بورس جانسن کو کیف میں خوش آمدید کہتا ہوں، بورس آپ کے تعاون کا شکریہ‘‘۔ کنزرویٹو ایم پی نے کہا کہ مسٹر زیلینسکی کی دعوت پر یوکرین کا دورہ کرنا ایک ’’ استحقاق ‘‘ ہے، یوکرائن کے لوگوں کی تکالیف بہت طویل عرصے سے جاری ہیں، اس جنگ کو ختم کرنے کا واحد راستہ یوکرائن کے لیے جیتنا ہے اور جتنی جلدی ممکن ہو جیتا جائے۔ دریں اثنائروسی حکومت کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا کہ مغربی ممالک کی طرف سے یوکرین کو ٹینکوں کی فراہمی صورت حال کو مزید خراب کر دے گی ۔ تر ک خبر رساں ادارے کے مطابق روسی ترجمان نے کہا کہ بعض مغربی ممالک کو یوکرین کیلئے ٹینکوں کی فراہمی کو اتنا بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کرنا چاہئے۔ ادھر روس نے ایس۔300 سسٹم کے ساتھ فضائی دفاعی مشقیں کی ہیں۔ مشقیں فوجی، صنعتی اور انتظامی تنصیبات پر فضائی حملے پسپا کرنے کے مقصد سے ڈیزائن کی گئی تھیں اور مشقوں کے دائرہ کار میں کئے گئے مصنوعی فضائی حملوں کو ایس۔300 کے ذریعے پسپا کر دیا گیا ہے۔ روس کے شہر انگارسک میں تیل بھرنے کے کارخانے میں ریلوے ٹینکوں میں فلنگ کے دوران آگ بھڑک اٹھی اور 3 ٹینک تباہ ہو گئے۔ تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔