• news

منی بجٹ عوام پر مہنگائی کا پہاڑ گرانے کے مترادف ہوگا:ضیاء الدین انصاری 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ منی بجٹ عوام پر مہنگائی کا پہاڑ گرانے کے مترادف ہوگا۔ منی بجٹ میں اربوں روپے کے نئے ٹیکسوں سے ملک میں مہنگائی کا نہ رکنے والا طوفان پربا ہوگا۔ ملک میں جاری سیاسی بحران کی وجہ سے معیشت تباہ، عوام غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہی ہے۔نااہل حکومت مہنگائی کی ستائی عوام کو ریلیف دینے کی بجائے بجلی، گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور منی بجٹ کیلئے پر تول رہی ہے جو قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔ ملک میں مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔ ڈالر کی قیمت ہر روز بڑھ رہی ہے، پاکستانی روپے مسلسل تنزلی اور بدحالی کا شکار ہے۔ آٹے کے بعد گھی،کوکنگ آئل کا بحران حکومتی نااہلی اور بدانتظامی کا نتیجہ ہے۔ ایسے میں بے حس وزیر اعظم نئی گاڑیوں اور اربوں کے ٹیکسز کی منظوریاں دے کر عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کی سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور خالد احمد ، میاں ذکر اللہ مجاہد،عامر نثار ، شاہد اسلم،شاید نوید ، جبران بٹ، چوہدری منظور حسین ، چوہدری محمد شوکت، صوفی خلیق احمد، غلام حسین ، وسیم اسلم سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن