بجلی بریک ڈائون،مجرمانہ کوتاہی کے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں :جاوید قصوری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے لاہور، پنجاب سمیت سندھ،خیبرپی کے اور بلوچستان کے معتدد علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی کے بریک ڈاؤن پر تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ 206گرڈ سٹیشن اور 2100سے زائد فیڈرز بند انتظامی نا اہلی کی واضح مثال ہے۔اس مجرمانہ کوتاہی کے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں اورذمہ داران کا تعین کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بریک ڈاون کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہوا، اس سے قبل بھی ملک میں بریک ڈاون ہوتا رہا ہے۔بجلی کا متبادل نظام بھی مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہر چند مہینوں بعد نیشنل گرڈ سسٹم میں بجلی کی ترسیل میں خرابی کیوں آ جاتی ہے۔پیشگی اقدامات کیوں نہیں کئے جاتے۔؟ قبل ازیں محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک میں تمام ادارے تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں سٹیل مل کے ساتھ جو 8 سالوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ سٹیل مل مکمل طور پر بند پڑی ہے۔ سٹیل مل کو 20کروڑ روپے روزانہ کا نقصان ہو رہا ہے۔ مگر مجال ہے کہ حکومت یا کسی متعلقہ ادارے کے کانوں پرجوں تک بھی رینگتی ہو۔