لاہور ہائیکورٹ ،تجاوزات کیخلاف درخواست پر کارروائی کا حکم
لاہور(سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے کریم بلاک مارکیٹ سمیت مختلف علاقوں سے تجاوزات کیخلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور، ایل ڈی اے حکام کو قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیدیا ۔جسٹس شاہد کریم نے شہری ناہید اشفاق کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے ایم آر اعوان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کریم بلاک مارکیٹ میں پارکنگ اور پارک کے سامنے ناجائز تجاوزات بنا دی گئی ہیں رہائشی مکانوں میں کاروباری سرگرمیاں شروع کردی گئیں۔کریم بلاک مارکیٹ میں کمیونٹی سنٹر کی جگہ جوگر مارکیٹ بنا دی گئی ہے درخواست میں کہا گیا ہے کہ کریم بلاک مارکیٹ میں سرکاری حکام کی ملی بھگت سے تجاوزات قائم کی گئی ہیں تجاوزات کیخلاف شکایت کرنیوالوں کیخلاف مقدمات درج کرادیئے جاتے ہیں ڈی سی اور ایل ڈی اے حکام کو تجاوزات کیخلاف درخواستیں بھی دی ہیں عدالت کریم بلاک مارکیٹ اور دیگر علاقوں سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے۔