درآمدی آئٹمز پرریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب
لاہور(سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے آئس کریم کی درآمدی آئٹمز پر74فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کیخلاف دائر درخواست پر ایف بی آر اوردیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے ۔عدالت نے اٹارنی جنرل کوبھی عدالتی معاونت کیلئے طلب کرلیا۔جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔درخواسست گزاروں کے وکیل دلنواز چیمہ نے دلائل دئیے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت ہر شہری کو جائز کاروبار کرنے کا حق حاصل ہے۔کاروبار پر ٹیکس حکومتی اختیار ہے مگراتنا ٹیکس نافذ نہیں کرسکتی جس سے کاروبار بند ہو۔ ایف بی آر نے آئس کریم کی درآمدی آئٹمز پر ریگولیٹری ڈیوٹی کو بیس سے بڑھا کر74فیصد کردیا ہے ریگولیٹری ڈیوٹی میں 54فیصد اضافہ کاروبار کو تباہ کرنے کے مترادف ہے عدالت ریگولیٹری ڈیوٹی میں غیر قانونی اضافہ کالعدم قرار دے۔