مصنوعی مہنگائی کیخلاف بلا امتیاز ایکشن جا ن و ما ل کے تحفظ کیلئے کاروائی کی جائے : محسن نقوی
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے شرکت کی۔ محسن نقوی نے انتظامی امور، مہنگائی پر قابو پانے اور جرائم کنٹرول کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ انتظامی افسر مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں۔ اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ شہریو ں کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں اور ذخیر ہ اندوزوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں اور سنگین جرائم میں ملوث ملزموں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے حوالے سے نتائج سامنے آنے چاہئیں۔ امن و امان کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث ملزموں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ چیف سیکرٹری نے پرائس کنٹرول، انتظامی امور جبکہ آئی جی پولیس نے امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ (سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ) کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے برکت مارکیٹ سے علی زیب روڈ تک انڈر پاس اور کلمہ چوک انڈر پاس کی ری ماڈلنگ پراجیکٹ کو 15فروری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کنٹریکٹر پراجیکٹ کو جتنی جلدی ہو سکے مکمل کرے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر ہو۔ ادھر محسن نقوی سے فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی اور گنگارام ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
محسن نقوی