امریکی سفیر کا وفد کے ہمراہ دورہ کرتار پور، راہداری کو اقلیتوں کے تحفظ کا امین قرار دیا
شکر گڑھ (نامہ نگار) لاہور میں امریکی قونصل خانے کے وفد نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی قیادت میں دربار بابا گورو نانک کرتار پور کا دورہ کیا۔ سکھ رہنماؤں اور کرتار پور انتظامیہ نے امریکی قونصل خانے کے وفد کا استقبال کیا۔ وفد نے کرتارپور راہداری کو بین المذاھب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا امین قرار دیا اور بہترین مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وفد نے پاک بھارت زیرو لائن کا دورہ کیا، تصاویر بنوائیں۔ امریکی سفیر نے دربار پر پھول پیش کئے۔ سکھ رہنماؤں نے انہیں تحائف دیئے اور روایتی چادر پہنائی۔ وفد سخت سکیورٹی میں کرتارپور دربار بابا گورو نانک پہنچا۔ مقامی انتظامیہ نے درشن ڈیوڑھی کی چوکھٹ پر مہمانوں کا استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ میٹنگ ہال میں راہداری منصوبے پر دستاویزی ڈاکومینٹری دکھائی اور دربار کمپلیکس کا دورہ کرایا۔ شرکاء کو راہداری منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، ڈاکومینٹری رپورٹ بھی دکھائی گئی۔ وفد نے یاتریوں کے ساتھ لنگر بھی کھایا۔ وفد نے بہترین مہمان نوازی اور انتظامات پر حکومت پاکستان اور دربار انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
امریکی سفیر