2 صوبوں میں انتخاب کی بجائے پورے ملک میں الیکشن ہونے چاہئیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے مل کر ملک کی معیشت، سیاست اور ادارے تباہ کیے۔ 15 جماعتوں کی وفاقی و صوبائی حکومتوں نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری دی، کرپشن عام کی اور سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر متعارف کروایا۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو اس وقت اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے اور خیبر سے کراچی تک عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، عوام اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے آزمائی ہوئی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمبڑیال سیالکوٹ میں سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کی ہمشیرہ کی شادی کی تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ، راشد نسیم، امیر العظیم، محمد اصغر، اظہر اقبال حسن، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، صدر علما مشائخ رابطہ کونسل میاں مقصود احمد، صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر، امرائے اضلاع، سیاسی و مذہبی جماعتوں کی قیادت، سینئر صحافیوں، ایڈیٹرز اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت نے دولہا اور دلہن کا نکاح پڑھایا اور دعا کرائی۔ سراج الحق نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دو صوبوں میں انتخابات کی بجائے پورے ملک میں بیک وقت الیکشن ہونے چاہئیں۔