گول کو فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں کیساتھ ملانے پر فخر : ماریہ خان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ماریہ خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں فری کک پر ان کے گول کو فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں کیساتھ ملائے جانے پر فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میری فیملی نے سپورٹس میں حصہ ڈالا ہے اور اب میں سکواش سے ہٹ کر فٹبال میں اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہوں۔ سعودی عرب میں چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کا تجربہ بہت اچھا رہا، فخر ہے کہ ہمارے کھیل کی تعریفیں ہوئیں ، مثبت بات یہ ہے کہ پاکستان ویمن ٹیم کو توجہ ملی ، امید ہے کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی توجہ ہمیں ملے گی۔ فخر محسوس کر رہی ہوں کہ میرے گول کو عظیم کھلاڑیوں کے گول کیساتھ ملایا جا رہا ہے ، جب فری کک ملی تو میرے ذہن میں تھا کہ بس ٹارگٹ پر کک مارنی ہے ، میں نے دیکھاکہ گول کیپر نے سٹارٹ لینا شروع کر دیا ، میرا تھا کہ میں نے ٹارگٹ پر کک مارنا ہے ، آگے دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے ، جب گول ہو گیا تو اس کو سراہا گیا۔