شہباز شریف کی اماراتی صدر سے ملاقات بڑی سرمایہ کاری کرینگے : محمد بن زاہد
اسلام آباد+ رحیم یار خان (خبر نگار خصوصی‘ نامہ نگار) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر ہز ہائی نس شیخ محمد بن زاید نجی دورے پر گزشتہ روز رحیم یار خان پہنچ گئے۔ چاندنہ ایئر پورٹ پر وزیر اعظم شہباز شریف، پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر اعظم کے سپیشل اسسٹنٹس طارق فاطمی، عطاء اللہ تارڑ، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور یو اے ای کے اعلیٰ حکام نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے اور چاندنہ ایئر پورٹ کو رینجرز، خصوصی دستوں اور یو اے ای کے شاہی گارڈز نے اپنے گھیرے میں لئے ہوا تھا۔ ایئر پورٹ آمد کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا اپنی ٹیم سے تعارف کرایا جبکہ بعد میں ایئر پورٹ کے وی وی آئی پی لاؤنج میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ہز ہائی نس شیخ محمد بن زاید نے اپنے وفود کے ہمراہ ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاں ہز ہائی نس شیخ محمد بن زید ایک خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے چولستان چلے گئے۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی معزز مہمان کو خوش آمدید کہنے کے بعد اپنے اپنے خصوصی جہازوں میں اسلام آباد اور لاہور واپس آ گئے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ملاقات ہوئی۔ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف کو کہا کہ آپ تیاری کریں‘ امارات پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا‘ شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد بھی پاکستان اور اس کے عوام سے بہت محبت کرتے تھے۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا گزشتہ روز پی ایم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کا آغاز کیا، یہ نئی سکیم نوجوانوں کی ترقی کے متعدد پروگراموں پر مشتمل ہے، خواتین، ٹرانس جینڈر اور خصوصی افراد کو اس سکیم سے فائدہ اٹھا کر قومی ترقی میں حصہ لینا چاہیے۔ پی پی ای ایف قرضوں سے لے کر لیپ ٹاپ سکیم سے لے کر خود روزگار سکیم تک مسلم لیگ (ن) نے میاں نواز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شیخ محمد بن زید النہیان کی پاکستان آمد پر ان کا استقبال کرتے ہوئے انتہائی مسرت ہوئی، پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید کے ساتھ ملاقات میں ہم نے اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم/ محمد بن زاید
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں کے درمیان اس اہم ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔
وزیراعظم/ زرداری
خ