• news

معیشت درست  سمت میں لائیں گے اسحاق ڈار پاکستانی حکومت چیلنجز سے عزم کیساتھ نمٹ  رہی ہے : امریکی  عہدیدار



اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معیشت کو درست سمت میں لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ترقی کیلئے تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کرا رہے ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے ایشیا  رابرٹ کپروتھ نے  وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے  ان کو ملک کے معاشی حالات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کو کمزور معاشی ورثے میں ملا ہے اور کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت چیزوں کو درست سمت میں طے کرنے پر توجہ دے رہی ہے اور اقتصادی ترقی اور ترقی کے حصول کے لیے توانائی کے شعبے اور کیپٹل مارکیٹ سمیت تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کروا رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے انہیں بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے معیشت کو درست راستے پر لانے کے لیے حکومت کی معاشی ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے مسٹر رابرٹ کپروتھ کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور اس کے پاکستان کی معیشت پر پڑنے والے اثرات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت تمام چیلنجز سے پورے عزم کے ساتھ نمٹ رہی ہے۔ رابرٹ کپروتھ نے اپنی طرف سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اچھے تعلقات پر زور دیا۔ وزیر خزانہ  اسحاق دار کی صدارت میںاقتصادی رابطہ کمیٹی نے اجلاس میں ٹی سی پی کو درآمدی گندم کی  پری شپنمٹ انسپکشن کو جاری رکھنے کی منظوری دے دی، پری شپمنٹ انسپکشن چھ پری  کوالیفائیڈ ادارے گندم   کی بار برداری  والی بندرگاہ پر کریں گے تاکہ گندم کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے، اجلاس میں بتایا گیا کی آئندہ مہینوں میں مزید درآمدی گندم ملک پہنچے  گی ۔ اجلاس میں وزارت تخفیف غربت کی سمری پر سیلاب سے متاثرہ  علاقوں کے کاشتکاروں کو ربیع سیزن مین  گندم کے بیج پر سبسڈی دینے کے  لئے8 ارب  39کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ اب سبسڈی کیش کی صورت میں دی جائے گی۔ ای سی سی نے بی آئی ایس پی کو ہدایت کی کہ رقم کی تقسیم کیلئے پارٹنر بینک کے ساتھ مل کر کام شروع کیا جائے۔ وزارت فوڈ کی طرف سے پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کے لئے تکنیکی گرانٹ کی سمری پر کمیٹی نے سیکرٹری  فوڈ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنا دی جو دو ہفتوں میں کاٹن کمیٹی مالی طور پر  ممکن بنانے کے  طریقوں کے بارے میں تجاویز  15دنوں میں دے گی۔ کمیٹی نے وزارت ہائوسنگ کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان کی عمارت، ججز کی رہائش گاہوں، ریسٹ ہائوسز اور سب آفسز کی مرمت  کے لئے84کروڑ 43لاکھ روپے، اور ایس ڈی جیز کے ترقیاتی اخراجات کے لئے3ارب روپے کی تکنیکی گرانٹ جاری کرنے کی منطوری دے دی ۔ اجلاس میں  وزارت پیٹرولیم کی سمری پر آدمxون کے ترقیاتی لیز کی میعاد میں 10فروری 2023سے پانچ سال کی توسیع دینے کی منظوری دے دی، یہ منصوبہ ضلع سانگھڑ میں ہے، عمیر ون ڈسکوری گڈو  ویل ٹسٹنگ میں ایک سال کی توسیع کو بھی منظور کر لیا گیا۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی سفارش پر ایک ڈرگ کی انتہائی خوردی قیمت بڑھانے کی بھی منظوری دے دی۔
اسحاق ڈار

ای پیپر-دی نیشن