شہباز شریف سے نگران وزیراعلی کی ملاقات : وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز اسلام آباد میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے آپ اپنی ذمہ داری آئین کے مطابق احسن طریقے سے سرانجام دیں گے اور الیکشن کے عمل کو غیر جانبدارانہ اور شفاف بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ دریں اثناء محسن نقوی نے سمن آباد موڑ انڈر پاس پراجیکٹ 15 اپریل تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر 24گھنٹے کام کرنے کا پلان بنایا جائے اور وقت سے قبل مکمل کیا جائے اور سمن آباد موڑ انڈر پاس پراجیکٹ کی تیز رفتاری سے تکمیل کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ مشینری اور لیبر کی تعداد بڑھا کر منصوبے کی وقت سے قبل تکمیل یقینی بنائی جائے اور منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وقت سے قبل منصوبہ مکمل ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں بے پناہ آسانی ہوگی۔ منصوبے پر کام کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے موثر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سمن آباد انڈر پاس بننے سے سمن آباد، گلشن راوی، توحید پارک، ملتان روڈ، چوبرجی، چوک یتیم خانہ اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔ 400میٹر طویل سمن آباد انڈر پاس 2ارب 3کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا۔ واضح رہے کہ پہلے اس منصوبے کو مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن 30 ستمبر تھی۔
نگران وزیراعلیٰ ؍ ملاقات