لاہور‘منڈی بہاؤ الدین‘ ہارون آباد‘ قصور: گھریلو ناچاقی پر 3 خواتین ‘نوجوان کی خودکشی
لاہور+منڈی بہاؤالدین‘ قصور‘ ہارون آباد (نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) ہارون آباد‘ منڈی بہاؤالدین‘ قصور میں 3 خواتین نے خودکشی کر لی ہے۔ ہارون آباد کے علاقے بلدیہ کالونی میں 39 سالہ زیبا گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندہ ڈال کر پنکھے سے جھول گئی۔ قصور کے نواح راجہ جنب کے عامر علی نے پولیس تھانہ راجہ جنگ میں اطلاع دی کہ میری 16 سالہ ہمشیرہ نجمہ نے گھریلو ناچاقی پر زہریلی دوائی پی لی۔ حالت غیر ہونے پر اسے انڈس ہسپتال علاج کے لئے منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔ تعظیم بی بی سکنہ گجرات جو منڈی بہاؤالدین ریلوے سٹیشن سے ٹرین میں سوار ہوئی اور اپنے خاوند کو واش روم میں جانے کا کہہ کر گئی جیسے ہی مسافر ٹرین شہیدانوالی کے قریب نہر لوئر جہلم کینال پر پہنچی خاتون نے اس میں چھلانگ لگا دی۔ ریسکیو سرچ آپریشن جاری ہے۔شاہدرہ بوٹا پارک میں 26 سالہ نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق 26 سالہ نوجوان کو بے ہوشی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکا۔