جمہوری اقدار کے فروغ سے ملک کی ترقی اور بہتری ممکن ہے: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے سابق ارکان اسمبلی سمیت اہم شخصیات نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجا ب نے کہا کہ جمہوری اقدار کے فروغ اور آئین کی بالادستی سے ہی ملک کی ترقی اور بہتری ممکن ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آئین اور قانون کی پاسداری فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی عمل جاری ہے اور تمام اقدامات آئین و قانون کی روشنی میں اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب میں عبوری حکومت احسن طریقہ سے اپنے فرائض سر انجام دے گی۔ ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین وفاقی مدارس بورڈ مولانا حنیف جالندھری، سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت اہلحدیث چوہدری کاشف نواز رنداھاوا، معاون خصوصی وزیراعظم ملک عبدالغفار ڈوگر، سینیٹر ظفر چوہدری، سابق ایم این اے پیر اسلم بودلہ، سابق ایم پی اے عامر حیات ہراج، سابق صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان ، سابق ایم پی ایز رانا محمد ارشد اور مولانا الیاس منظور چنیوٹی شامل تھے۔ اس موقع پر سابق عوامی نمائندوں نے پی ٹی آئی حکومت کے بالخصوص آخری دنوں میں بے ضابطگیوں، غیر قانونی بھرتیوں اور ٹینڈروں کے بارے میں شکایتوں کے انبار لگا دیے۔